رائےونڈ میں چھپے دہشتگرد وزیر اعظم ہاؤس اور یوم علی (ع) پر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے،رپورٹ
شیعہ نیوز (رائے ونڈ) رائے ونڈ میں چھپے دہشت گرد وزیراعظم ہاؤس کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ یوم علی کرم اللہ وجہ اور چاند رات پر دہشت گردی کی کارروائی کرنا چاہتے تھے، نیٹ ورک کا تعلق القاعدہ سے تھا جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رائے ونڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھجوا دی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رائے ونڈ میں مارے گئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک بہت وسیع اور اس کا تعلق القاعدہ سے تھا،نیٹ ورک میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے اس نیٹ ورک کو کافی حد تک توڑ دیا ہے اور اس کے ماسٹر مائنڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں، رائے ونڈ سے ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹیں، اشتعال انگیز مواد اور مختلف جگہوں کے نقشے بھی ملے ہیں۔ آپریشن سے قبل گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کی نشاندہی پر رائے ونڈ روڈ سے مزید دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ انٹلی جنس ذرائع کے مطابق اوکاڑہ اور لاہور سے اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جن کی نشاندہی پر رائے ونڈ روڈ میں اڈہ پلاٹ کے علاقے سے دو افراد کو پکڑا گیا، ان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ پنڈ آرائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، دوسری جانب پولیس نےگردونواح میں سرچ آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لےلیا۔