پاکستانی شیعہ خبریں
پشاور انڈسٹریل سٹیٹ میں سیکیورٹی گارڈز پر حملے کی رپورٹ تیار
شیعہ نیوز(پشاور) صوبائی دارلحکومت کے انڈسٹریل سٹیٹ میں سکیورٹی گارڈز کے قتل کی تحقیقات رپورٹ تیار کرلی گئی، حملہ آور خیبر ایجنسی سے پشاور داخل ہوئے،ملزموں نے نماز میں مصروف گارڈز کو گولیوں سے چھلنی کردیا۔ پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز انڈسٹریل سٹیٹ میں سیکیورٹی گارڈز پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ ظہر کی نماز پڑھ رہے تھے۔ دو موٹرسائیکل سوار حملہ آور خیبر ایجنسی سے پشاور داخل ہوئے اورانڈسٹریل سٹیٹ ناکے پرفائرنگ کے بعد واپس علاقہ غیر فرار ہوگئے۔ شرپسندوں نے نائن ایم ایم پستول سے 21 گولیاں فائر کیں جس سے عمران اور اختر شہید ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گارڈز نے پولیس کی طرح وردیاں پہن رکھی تھیں اور انہیں ریگولر پولیس سمجھ کر نشانہ بنایاگیا، حملہ آور گارڈز کی دو کلاشنکوفیں بھی ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔