پاکستانی شیعہ خبریں

او آئی سی اسرائیل کیخلاف جہاد کا اعلان کرے، جماعت اسلامی کا مطالبہ

شیعہ نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 10 اگست کو اسرائیلی ظلم، جبر اور بربریت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاجی مارچ ہو گا جس میں لاکھوں افراد شریک ہوںگے۔ یہ احتجاجی مارچ پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی قومی غیرت اور ان کی قبلہ اول سے والہانہ محبت کا اظہار ہو گا۔ احتجاجی مارچ میں اہل پاکستان اور عالم اسلام کی طرف سے اسرائیل اور ان کے سرپرست اقوام متحدہ اور امریکہ کو واضح پیغام دیں گے کہ ہم غزہ پر بمباری اور غزہ میں قتل عام اسلام آباد پر بمباری اور پاکستان کے عوام کا قتل عام تصور کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائیں میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ ابھی تک فلسطین کے مسئلے پر عالم اسلام کے حکمرانوں نے امت کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا اور مجرمانہ، منافقانہ اور غفلت کی روش اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ احتجاجی مظاہرہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام کا احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے عوام فلسطینی عوام کی 50 سالہ جدوجہد آزادی قبلہ اول کو مبنی برحق سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم خون کے آخری قطرہ تک اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ہمارے جسم کٹ سکتے ہیں مگر ظلم و جبر اور فسطائیت کے خلاف ہماری جدوجہد ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کا اجلاس بلا کر اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے اور مشترکہ فوج بنا کر فلسطین کا تحفظ کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button