غزہ صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری اُمت مسلمہ کا اجتماعی مسئلہ ہے، سنی تحریک
شیعہ نیوز (کراچی) سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سُنی تحریک غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منائے گی۔ فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور یکجہتی فلسطین کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جبکہ سُنی تحریک علماء بورڈ کے اراکین جمعہ کے اجتماعات میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کریں گے اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شعبہ نشرواشاعت کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ غزہ صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری اُمت مسلمہ کا اجتماعی مسئلہ ہے۔ اہلیانِ غزہ امت مسلمہ کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مظلوم فلسطینیوں کے درد کو محسوس کرنا ایمان کا تقاضہ ہے۔ فلسطینیوں کی حمایت دینی فریضہ ہے۔ ہم غزہ نہیں جا سکتے لیکن مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صدائے احتجاج تو بلند کر سکتے ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرکے اپنے سفیروں کو واپس بلانے کا اعلان کرے اور اسرائیل کی کھل کر مذمت کی جائے۔
ثروت اعجاز قادری نے غزہ کی صورتحال پر مضطرب برطانوی وزیر سعیدہ وارثی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے والے اور سچائی کا ساتھ دینے والے ہی سرخرو ہوتے ہیں۔ سعیدہ وارثی کا استعفیٰ عالم اسلام کے حکمرانوں کی بے حسی و بے عملی پر تازیانہ اور بے ضمیری کو ٓائینہ دکھانے کے مترادف ہے۔ 58 اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور عرب لیگ کامظلوم فلسطینیوں کے حق کیلئے متحرک نہ ہونا عظیم المیہ ہے۔ مسئلہ فلسطین پر عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ کھل کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔اسرائیلی بربریت کے خلاف عالم اسلام متحد ہونا ہو گا۔