پاکستانی شیعہ خبریں

موجودہ حکومت کو چلتا کرنا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے، سید احسان شاہ

شیعہ نیوز (کوئٹہ) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی رہنماء سید احسان شاہ نے نواز شریف کو متنازعہ وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو چلتا کرنا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔ عوام دشمن و غیر جمہوری حکومت کو اگر گھر نہ بھیجا گیا تو بلوچستان کے قومی وسائل کی بھی لوٹ مار کی جائے گی۔ سید احسان شاہ نے کہا ہے کہ ہم سیاسی و جمہوری لوگ ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان اور طاہر القادری کا احتجاج ان کا سیاسی جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن اس احتجاج کا راستہ روکنے کیلئے جمہوریت کے چیمپئنز نے غیر جمہوری عمل اختیار کیا ہے جس کی حمایت قطعاً نہیں کر سکتے۔ عمران خان انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ہم ان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ یہ صرف عمران خان یا کسی ایک فرد کے ساتھ دھاندلی نہیں ہوئی بلکہ پورے ملک میں ہوئی ہے اور بالخصوص بلوچستان میں تو انتخابات کے نام پر ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہے۔ اسلام آباد نے بلوچستان کے وسائل و قومی دولت کی لوٹ مار اور استحصال کی پالیسیوں کو جاری رکھنے کیلئے کٹھ پتلیوں کو لا کر بلوچستان کے عوام پر مسلط کیا ہے۔ جو بلوچستان کے عوام کے منتخب نمائندے نہیں اور نہ ہی ان کے پاس قومی معاملات یا بلوچستان کے قومی وسائل سے متعلق فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار ہے اور جو ملکی و غیر ملکی کمپنیاں موجودہ نااہل حکمرانوں سے بلوچستان کے قومی وسائل کے حوالے سے معاہدات کر رہی ہیں۔ ہماری ان سے بھی اپیل ہو گی کہ وہ ان کٹھ پتلی حکمرانوں کے جھانسے میں آ کر اپنا سرمایہ نہ ڈبوئیں بلکہ انتظار کریں۔ جب بلوچستان کے عوام نااہل حکمرانوں کے خلاف انقلاب برپا کرکے انہیں گھر بھیج دیں گے اور اپنے حقیقی نمائندوں کو لائیں گے۔

ان کے پاس بلوچستان کے قومی وسائل کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار ہو گا اور وہ سرزمین و عوام کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے ملکی و غیر ملکی کمپنیاں بھی ایسے حقیقی عوامی نمائندوں کے ساتھ معاہدات کریں عوام پر مسلط کی جانے والی جعلی قیادت کے ساتھ کسی بھی قسم کا معاہدہ قابل قبول نہیں موجودہ وزیراعظم متنازعہ ہو چکے ہیں انہیں اخلاقی طور پر وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں انہیں مستعفی ہو جانا چاہیئے تاہم اگر وہ مستعفی نہیں ہوتے تو پھر ان کے خلاف عوامی انقلاب برپا ہو کر ہی رہے گا اور آزادی مارچ ان نااہل اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا ملکی سلامتی امن و جمہوری استحکام اور بلوچستان کے وسائل کے تحفظ کیلئے موجودہ حکومت کو گھر بھجوانا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے جو ملک میں خود سیاسی تناؤ پیدا کرکے جمہوری استحکام کو نقصان پہنچا کر ملک کو عدم استحکام کی جانب لے جانے کے درپے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button