مجلس وحدت مسلمین کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، سید محمد رضا
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء سید محمد رضا نے کوئٹہ علمدار روڈ کے مختلف محلوں کا دورہ کیا اور علاقہ بزرگوں، جوانوں اور عوام سے ملاقاتیں کی۔ جس کے دوران عوام سے اُن کے مسائل سنے اور اُن کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرنے اور بھرپور کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل سے باخبر رہنے کیلئے ہماری کوشش ہے کہ ہر وقت لوگوں سے رابطے میں رہا جائے تاکہ عوام کو اپنے مسائل ہم تک پہنچانے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی لئے ہم نے کوشش کی ہے کہ ہر علاقہ اور محلے میں جا کر اہل علاقہ، علاقے کے معتبرین، جوانوں اور بزرگوں کے ساتھ بیٹھ کر اُن سے اُن کے علاقے کے مسائل کے حوالے سے بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ بطور ایک عوامی نمائندے کے میرے اور عوام کے درمیان کوئی فاصلہ ہو۔ جسکی وجہ سے میں اُن کے مسائل سے بےخبر رہوں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں پانی کا بہت مسئلہ چل رہا تھا۔ جسکی وجہ سے عوام بہت پریشان تھی۔ جس کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کے تمام برموں کے بوسٹرز جو بہت پرانے اور خستہ حال ہو چکے تھے۔ پہلے مرحلے میں اُن تمام برموں کے بوسٹرز اور پمپز تبدیل کئے جا رہے ہیں اور اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے چھ نئے ٹیوب ویلز لگائے جائینگے۔ جس میں سے دو ٹیوب ویلوں کی منظوری ہو چکی ہے، جس پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑوں پر واقع آبادیوں کیلئے پانی کے بڑے تالاب کی تعمیر کی جارہی ہے۔ جس میں پانی کو محفوظ رکھا جا سکے گا اور بہ وقت ضرورت اسے استعمال میں لایا جائے گا۔ جس سے علاقے میں موجود پانی کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ریذیڈنشل سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس پر کام جاری ہے، جہاں بچوں کو تعلیم کے ساتھ بہترین ماحول مہیا کیا جائے گا۔ سڑکوں اور نالیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 2 میں موجود تمام علاقوں جس میں مومن آباد، ناصر آباد کے پہاڑ کے دامن سے لے کر قلندر مکان اور اس سے محلقہ علاقوں کی تمام نالیوں، گلیوں اور روڈوں پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔ جو انشاءاللہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ایم پی اے سید محمد رضا نے جن علاقوں کا دورہ کیا اُن میں مومن آباد، محلہ ماسڑ احمد رضا، ناصر آباد محلہ گلزاری، محلہ صاحب زمان، حسین آباد، حاجی آباد، محلہ امام رضا، سید آباد، نیچاری کیمپ شامل ہیں۔ ان علاقوں کے معتبرین، جوانوں اور بزرگوں نے ایم پی اے سید محمد رضا کا شکریہ ادا کیا۔