علامہ امین شہیدی کیخلاف بے بنیاد مقدمہ، ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کا جمعہ کو احتجاج کا اعلان
شیعہ نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کیخلاف بے بنیاد مقدمہ درج کرنے پر جمعتہ المبارک کو صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی نے وحدت ہاوس پشاور سے جاری ایک بیان میں کہا کہ راولپنڈی میں مفتی امان اللہ کو ایک منظم سازش کے تحت قتل کیا گیا، تاکہ اس قتل کو جواز بناکر ملک بھر میں فروغ پانے والی شیعہ، سنی وحدت کو سبوتاژ کیا جائے، اس قتل کی آڑ میں تکفیری گروہ کی جانب سے امام بارگاہوں پر حملے کئے گئے، اور ایک امام بارگاہ کو نذر آتش کرنے کیساتھ متولی کو بھی شہید کردیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ حکومت پنجاب کی سرپرستی میں ہو رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی نہیں چاہتی، کیونکہ حکمرانوں کو معلوم ہے کہ قوم میں ہم آہنگی اور اتحاد کی فضاء قائم ہونا ان کے اقتدار کا خاتمہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری گروہ کی جانب سے اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے علامہ امین شہیدی اور دیگر کیخلاف بے بنیاد مقدمہ درج کرایا گیا، ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے، بصورت دیگر رئیسانی کی تاریخ دہرائی جاسکتی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ علامہ امین شہیدی اور دیگر کیخلاف مفتی امان اللہ کے قتل کے مقدمہ کیخلاف ملک بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔