پاکستانی شیعہ خبریں
دہشت گرد دوبارہ منظم ہو رہے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت سیکورٹی بہتر بنائے، میاں افتخار
شیعہ نیوز (پشاور) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے پشاور میں ایف سی کانوائے کی گاڑی پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں ہونگے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں ختم کی گئی سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو بحال کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان آپریشن کے بعد دہشت گرد بکھر گئے، دہشت گرد دوبارہ منظم ہو رہے ہیں، اس لیے صوبائی حکومت خوش فہمی میں نہ رہے اور دھرنوں میں شرکت کے بجائے اپنے صوبے کی سیکیورٹی کی بہتری پر توجہ دے۔