پشاور کے تحفظ کیلئے فوج دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرے، علامہ سبطین الحسینی
شیعہ نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سربراہ علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بھی عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی، فوج دہشت گردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرے، صوبہ بالخصوص پشاور میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ پاکستانی عوام کے دل کی آواز ہے، لوگ اس نظام سے تنگ ہیں، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ تحریک انصاف بھی عوام بالخصوص ملت تشیع کو انصاف نہ دے سکی، انہوں نے کہا کہ پشاور میں آئے روز اہل تشیع کو چن چن کر قتل کیا جاتا ہے، قاتل دندناتے نظر آتے ہیں، آج تک قاتلوں کو نہ گرفتار کیا گیا اور نہ ہی منظر عام پر لایا گیا، تحریک انصاف سے ہمیں انصاف کی کوئی توقع نہیں، یہ حکومت کوئٹہ جیسے حالات پیدا کر رہی ہے اور ہمیں تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل ہے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے، پشاور ہمارا مقتل بن چکا ہے، جہاں روزانہ ہماری لاشیں گرتی ہیں، پشاور کے شہری بھی اسی ملک کے شہری ہیں، جن کا تحفظ آپ پر واجب ہے۔ اس شہر کے تحفظ کے لئے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔