داعش و القاعدہ، امام علی (ع) کی پیروی سے انکار کرنیوالے عناصر کی پیداوار ہیں، آیت اللہ بہاؤالدینی
شیعہ نیوز (کراچی) عید غدیر کی مناسبت سے خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی کے زیراہتمام خانہ فرہنگ کے آڈیٹوریم میں جشن ولایت و امامت کا انعقاد کیا گیا۔ جشن سے ولی امرالمسلمین ولی فقیہ آیت للہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے پاکستان میں نمائندے آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے خصوصی خطاب کیا، اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل کراچی مہدی سبحانی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی مہدی خطیب اور آغا نجم الدین سمیت بڑی تعداد میں خواتین و حضرات موجود تھے۔ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غدیر خم میں رسول اللہ (ص) نے حکمِ الٰہی کے تحت امام علی (ع) کو اپنے بعد کیلئے جانشین بنانے کا اعلان کیا، ایسا جانشین جو اس بلند مقام کا حامل ہے کہ جس کے سامنے تمام اہل عالم اور ان کے نظاموں کے اعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدا اور پیغمبر خدا (ص) نے امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کو جانشینی کیلئے متعین فرمایا، آج بھی عالم اسلام میں جو عناصر امام علی (ع) کے مقابلے میں جن شخصیات کو پیش کرتے ہیں، انہیں چاہئیے کہ اپنی جانب سے پیش کی گئیں شخصیات میں امام علی (ع) جیسی خصوصیات و صفات پیش کریں تو ہم ان شخصیات کی پیروی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے مزید کہا کہ ایسے عناصر اگر امیر المومنین مولا علی (ع) کی پیروی کریں تو ان کے سامنے آج امام خمینی جیسی شخصیت بھی موجود ہے، لیکن ایسے عناصر نے امام علی (ع) کی پیروی سے روگردانی کی، جس کے نتیجے میں ان کی پیدا کردہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں دنیا کے سامنے ہیں جو کہ درحقیقت امریکا اور اسرائیل کی ناجائز اولاد ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی مہدی خطیب نے تمام شرکاء کو عید غدیر کے موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔