تکفیری دہشتگرد عناصر کو سیاسی اور علمی محاذوں پر شکست فاش دینگے، آل پاکستان سنی تحریک
شیعہ نیوز (کراچی) آل پاکستان سنی تحریک کے باقاعدہ قیام کا اعلان کرتے ہیں، شہدائے نشتر پارک کے قاتلوں کی گرفتاری تک صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے، شہید سلیم قادری ، شہید عباس قادری، شہید اکرم بھٹی اور شہید رہنماﺅں کا مشن جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ آل پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماء مفتی محمد جمیل قادری، مفتی رفیع قادری، زاہد رضا قادری، مفتی محمد سیف اللہ چشتی، علامہ ایاز قادری سمیت شعبہ خواتین کی بیگم مجاہدہ، رخسار ناز، عائشہ فاطمہ و دیگر بھی موجود تھے۔ آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری نے کہا کہ آل پاکستان سنی تحریک (APST) کے قیام کا بنیادی مقصد شہید قائدین کے مشن کو زندہ رکھنا اور ملک میں حقوق اہلسنت کے لئے حقیقی جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن عوامی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، عوام اہلسنت کے حقوق کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک عوام اہلسنت کو تمام حقوق میسر نہیں آ جاتے۔
مطلوب اعوان نے کہا کہ علامہ شاہ احمد نورانی مرحوم کی وفات کے بعد اہلسنت عوام کے سیاسی، سماجی، معاشی اور مذہبی مسائل کیلئے مؤثر آواز بلند نہیں کی گئی، انشاءاللہ آل پاکستان سنی تحریک مظلوم اہلسنت عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد کو جاری رکھ کر شہدائے اہلسنت کے مشن کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی عزت کرنا حکومتوں کی اولین ترجیح ہوتا ہے لیکن گذشتہ کئی دہائیوں سے حکومتیں عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ مطلوب اعوان کا کہنا تھا کہ آل پاکستان سنی تحریک عوام اہلسنت کے تمام حقوق اور ان کے جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں مساجد اور اولیائے اللہ کے مزارات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور ہم ہر گز کسی بھی تکفیری گروہ کو اہلسنت عوام کی مساجد اور اولیائے کرام اور بزرگان دین کے مزارات مقدسہ پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ آل پاکستان سنی تحریک مطلوب اعوان قادری نے کہا کہ ہم نے اپنے سفر کا آغاز اتحاد بین المسلمین کے ساتھ کیا ہے جسے ماضی میں فراموش کیا جاتا رہا ہے اور ہم ملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور اس اہم مشن کو جسے ہمارے شہید قائدین نے شروع کیا تھا ضرور مکمل کریں گے اور ملک کی فضاء کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مطلوب قادری نے کہا کہ آل پاکستان سنی تحریک نے آج سے باقاعدہ اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے اور ہم آج آل پاکستان سنی تحریک کے قیام کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے اپنے سفر کا آغاز اس عزم سے کر رہے ہیں کہ ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے، اتحاد بین المسلمین کے فروغ، عوام اہلسنت کے حقوق کا دفاع کرنے کیلئے، ملک میں موجود تکفیری عناصر کو سیاسی اور علمی محاذوں پر شکست فاش دینے، شہید قائدین کے ادھورے مشن کو جاری رکھنے اور اسے مکمل کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل پاکستان سنی تحریک کو ملک بھر سے جید اہلسنت علمائے کرام، اکابرین، زعماء اور عمائدین کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور بہت جلد پورے پاکستان میں آل پاکستان سنی تحریک کی تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کر لیا جائے گا۔