محرم کے تقاضے اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی آل پارٹیز کانفرنس
شیعہ نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین کے تحت محرم الحرام کے تقاضے اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی، کانفرنس میں مختلف سیاسی، مذہبی وسماجی تنظیموں سکھر کی مشہور ماتمی انجمنوں کے سربراہان، ماتمی جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز اور مشہور مجالس کے بانیاں نے شرکت کی، اے پی سی میں موضوع بحث محرم الحرام کے تقاضے اور ہماری ذمہ داریاں تھا، شرکاء اے پی سی نے محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ ہونے کی تگ و دو، سازشی عناصر کی بیخ کنی، متنازع تقاریر ونشر و اشاعت کی حوصلہ شکنی وسدباب کرے۔ شرکاء نے اے پی سی میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ امام حسینؓ تمام انسانیت کے ہیرو ہیں، لہٰذا ہر مکتب ومذہب امام عالی مقامؓ کی بارگاہ میں اپنے اپنے نظریے وعقیدے کے تحت حق رکھتا ہے کہ وہ آزادی سے ایام عزا منائے، شرکاء نے ضلع سکھر کی سطح پر امن وامان کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور مطالبہ کیا کہ سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔اے پی سی میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ وطن دشمن اندرونی یا بیرونی عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے ملک بھر میں کارروائی کی جائے۔ وفاقی، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایام عزا میں اپنی تمام تر ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ ہونے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔