لاہور، آئی ایس او کا مسلم ٹاؤن موڑ پر احتجاجی مظاہرہ، کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ
شیعہ نیوز (لاہور) راولپنڈی میں ماورائے قانون ہراساں کئے گئے گئے یونیورسٹی طلباء کے حق میں لاہور میں مسلم ٹاؤن موڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر آئی ایس او لاہور شکیل احمد نے کہا کہ جب تک اسیران کو رہا نہیں کیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں مخصوص سوچ رکھنے والے حکمران اپنے بیرونی آقاؤں کی شہ پر ملت تشیع کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، راولپنڈی میں ہمارے بیگناہ کارکنوں کو گرفتار کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ علامتی احتجاج ان ظالم حکمرانوں کے لئے وارننگ ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم دس محرم الحرام عاشور کو ملک بھر کے جلوس ہائے عزا میں اس ظلم و بربریت کیخلاف منظم احتجاج کریں گے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جن پر احتجاجی نعرے درج تھے۔ مسلم ٹاؤن موڑ لبیک یا حسین (ع) کے نعروں سے گونجتا رہا۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر تقی حسن کے مطابق آئی ایس او کے زیراہتمام راولپنڈی میں کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں اور عزاداری میں رکاوٹوں کے خلاف ملک بھر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع شیخوپورہ، گجرانوالہ، چنیوٹ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، کراچی، خانیوال کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور جمعہ کو بطور یوم احتجاج منایا گیا۔