مرکزی ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ سادات سے برآمدہوکر امام بارگاہ حسینیہ رکندین خاں میں اختتام پذیر
شیعہ نیوز (قصور ) حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم شہادت پرضلع قصور کے 28مقامات پر ذوالجناح ‘علم‘ تعزیہ اور جھولے کے جلوس نکالے گئے۔ قصور سے مرکزی ذوالجناح کا جلوس لائسنس ہولڈر سید علی اقدس شمسی کی قیادت میں امام بارگاہ سادات سے نکالا گیا جوکہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ رکندین خاں قصورمیں اختتام ہوا۔ اسی طرح کھڈیاں‘چونیاں‘پتو کی‘مصطفی آباد‘پھولنگر ودیگر مقامات سے بھی ذوالجناح‘علم اور تعزیہ کے جلوس نکالے گئے جوکہ مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے وقت مقررہ پر اختتام پذیرہوئے۔ سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ عزاداروں کی تلاشی لی جاتی رہی۔ سراغ رساں کتوں کے ذریعے جلوس کے روٹ کو سرچ کیاگیا۔ ڈی پی او قصور جواد قمر‘ ڈی سی او قصور عدنان ارشداولکھ اور اسسٹنٹ کمشنر وردہ مشہودشورش نے جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قراردیا۔ جبکہ ڈی ایس پی سٹی حسن فاروق اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جلوس کے ساتھ رہے اسی طرح پورے ضلع قصورمیں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ پولیس قومی رضاکاروں‘ سول ڈیفنس‘ ریسکیو1122‘ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال قصور کی ایمبولینس‘ ڈاکٹرز‘پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود تھا۔ زنجیرزنی کے دوران زخمی ہونیوالے درجنوں عزاداروں کو مرہم پٹی کی گئی۔ ضلع بھر میں علماء اکرام‘ ذاکرین‘ امن کمیٹی کے ارکان نے مذہبی یگانگت‘ رواداری کابھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے یوم عاشورہ کو پرامن بنانے میں بھرپور کردار اداکیا۔