تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی مشکلات حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے، سید عباس علی موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے رہنماء سید عباس علی موسوی نے کہا ہے کہ گذشتہ کئی روز سے تفتان بارڈر پر مقدمات مقدسہ کی زیارت کرکے واپس آئے سینکڑوں زائرین بے یار ومددگار پڑے ہوئے ہیں، لیکن حکومت اور سکیورٹی کے اداروں کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی، جس کی مجلس وحدت مسلمین پر زور مذمت کرتی ہے۔ پاکستان کے آئین کے مطابق تمام عقائد کے لوگ آزادانہ طور پر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرسکتے ہیں لیکن حکومتِ پاکستان آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی برت رہی جوکہ ناقابل برداشت ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی حکومت اغیار کے ہاتھوں کھلونا بنی ہوئی ہے اور ان کی ایماء پر ایسے شرپسند گروہوں کی پروش کررہی ہے، جو اپنے ہی ہم وطن مسلمان بھائیوں میں نفرت کے بیج بو کر پاکستان اور اسلام کو کھوکھلا کرنے کی گھناونی سازش کرتے ہیں۔ اپنے سوا کسی اور کو مسلمان ہی نہیں سمجھتے ہیں۔ اپنے ہی مسلمان بھائیوں کے خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، جن کو نہ تو اسلام سے سروکار ہے اور نہ پاکستان سے۔ جو صرف اپنے شیطانی آقاؤں امریکہ، اسرائیل اور دیگر مغربی طاقتوں کیلئے کام کررہے ہیں۔ عجب تو یہ ہے کہ اپنے ملک و قوم کیخلاف صف آراء ہو کر فساد کو جہاد کا نام دے دیا ہے جبکہ اہل کفر مسلمانوں کی تباہی کا نظارہ کرتے ہوئے ان کے حالات پر خندہ زن ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان حکومت سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان میں ان نام نہاد دہشت گرد گروہوں کا فوری طور خاتمہ کر کے ملک و قوم کو امن و امان کے زندگی گزارنے دی جائے۔ حکومت تفتان بارڈر پر پھنسے ہوئے محب وطن پاکستانی زائرین کی بحفاظت یقینی بنائیں اور کوئٹہ تفتان کے زمینی روٹ زائرین و دیگر مسافرین کیلئے محفوظ بنائے تاکہ زائرین مکمل اطمینان کے ساتھ مقامات مقدسات کی زیارات کو جا سکیں۔ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائی کا آغاز کرکے پاکستان کو اغیار کے ہاتھوں یرغمال ہونے سے بچائے۔ پاکستان اور دہشت گردی اکھٹے نہیں چل سکتے۔