پاکستان سنی تحریک کے تحت سکھر میں پاک فوج زندہ باد اور داعش مردہ باد ریلی نکالی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سنی تحریک کی جانب سے سندھ کے شہر سکھر میں پاک فوج زندہ باد، داعش مردہ باد ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت صوبائی صدر نور احمد قاسمی، مشرف محمود قادری، مولانا محمد رضوان خان، حامد فیضی، عثمان فیضی، ڈاکٹر سعید اعوان، ڈاکٹر انیس الرحمٰن و دیگرنے کی۔ اس موقع پر نور احمد قاسمی و دیگر رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اور داعش ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو ملک کی سلامتی خطرے میں پڑجائیگی، پاکستان سنی تحریک ضرب عضب آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شکارپور میں بھی پاکستان سنی تحریک کی جانب سے ضلعی صدر علامہ ابوالرضا حبیب احمد قادری کی قیادت میں داعش کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کے دوران مظاہرین نے افواجِ پاکستان زندہ باد اور دہشت گردی مردہ باد کے نعرے لگائے، اس موقع پر علامہ ابوالرضا حبیب احمد قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے، اور دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم داعش کے نیٹ ورک کو پاکستان سے ختم کرایا جائے۔