Uncategorized

علامہ ناصر عباس ملتانی کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے تحت شمعیں روشن کی گئیں

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین ملتان (گلگشت یونٹ) کے زیراہتمام معروف خطیب علامہ ناصر عباس شہید کی پہلی برسی کی مناسبت سے ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، قائمقام سیکرٹری جنرل ملتان محمد عباس صدیقی،میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی، انجینئر مہرسخاوت، مرزا وجاہت علی سمیت مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد عباس صدیقی نے کہا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے مظلوم اور مقتولوں کے ورثاء کو انصاف نہیں ملتا، حکمرانوں کی جانب سے انصاف ملنے کے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن آج تک کسی ظالم اور قاتل کو پکڑ کرسزا نہیں دی گئی۔ معروف مداح آل محمد (ص) کو گزشتہ سال 11صفر کو لاہور میں شہید کیا گیا تھا، حکومتی اعلانات اور دعووں کے باوجود ابھی تک ان کے قاتلوں کا سراغ نہیں ملا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کو شہید ہوئے ایک سال گزر گیا ہے لیکن ابھی تک اُس کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے جس سے حکومت کی نااہلی واضح ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان پریس کلب کے سامنے علامہ ناصر عباس شہید کی پہلی برسی کے موقع پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ علامہ ناصر عباس کی شہادت پر حکومت اور حکمرانوں کی جانب سے انصاف دلانے کے اعلانات کیے گئے تھے جو کہ ابھی پورے نہیں ہوئے یہ حکومت ہمیں کیا انصاف دے گی جو نابینائوں کو سرعام پیٹتی ہے۔ اس موقع پر موجود رہنمائوں اور کارکنوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے اور گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اگر قاتلوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ملک میں انارکی جنم لے گی جس کی آگ ان حکمرانون کو جلا کر راکھ کر دے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button