لاہور میں داعش کے 13 کارکنان گرفتار، ملزمان کے قبضے جہادی لٹریچر برآمد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم داعش کے جنگجو سمیت تیرہ ملزمان کو گرفتار کرلیا، حراست میں لیے گئے ملزمان پر شہر کے مختلف مقامات پرداعش کی تشہیر کا بھی الزام ہے۔
لاہور میں داعش کی موجودگی کی اطلاعات پر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تنظیم کے جنگجو سمیت تیرہ مشتبہ افراد گرفتار کرلیے۔ پولیس تحویل میں موجود ملزمان کو لاہور کے علاقے گلبرگ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے جہادی لٹریچر، حساس دستاویزات اور لیپ ٹاپ برآمد کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان داعش کے حامی ہیں اور انہوں نے اس کے حق میں مہم شروع کررکھی تھی، ذرائع کے مطابق ملزمان حساس اداروں کے افسران کو دھمکی آمیز خط بھی لکھتے رہے ہیں اور انہیں بیرون ممالک سے فنڈز بھی موصول ہوتے رہے۔ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیا جائے گا۔ سماء