آئی ایس او کا فروغ تعلیم کیلئے پروڈکٹو سنڈیز پروگرام کو متعارف کروانے کا فیصلہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی انچارج محبین ذکی عباس نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں نہم و دہم کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک کے طلباء میں اعلیٰ تعلیم کی پیاس اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی طرف رغبت بڑھانے کیلئے پروڈکٹو سنڈیز (sundays) پروگرام کو متعارف کروایا جائے گا جس کا آغاز جنوری سے ملک بھر کے تمام ڈویژنز میں کیا جائے گا، جس میں ملک کے نامور تعلیمی ماہرین شرکت کریںگے، طلباء کو سٹڈی سکلز و کیرئیر گائیڈنس کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہم و دہم کے طلباء کی فکری، تعلیمی تربیت کیلئے زونل، ڈویژنل اور مرکزی سطح پر ورکشاپس کا سلسلہ سال بھر جاری رہے گا، جس میں ماہرین تعلیم، علماء کرام، دانشور اور سینئرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے پاکستان میں تعلیمی مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلباء و طالبات میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں، کمی اس بات کی ہے کہ ان کے اندر موجود صلاحیتیوں کو پروان نہیں چڑھایا جاتا، حکومت تعلیمی مسائل حل کرنے کے بلند و بانگ دعوے تو کرتی ہے لیکن وہ ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں۔ پاکستان میں بہت سے مسائل تعلیمی شعور کی کمی وجہ سے جنم لے رہے ہیں کیونکہ نوجوان نسل کو تعلیمی زیور سے آراستہ ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔