سانحہ پشاور کے ماسٹر مائنڈ کی شناخت ہوگئی، کاروائی طالبان نے کی،عمر منصور کا دعویٰ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر طالبان وہابی دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کی شناخت ہوگئی ہے۔اس کا عرفی نام سلم اور اصل نام عمر منصور ہے۔
طالبان جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ اس نے بچوں کے قتلِ عام کی منصوبہ بندی کی تھی اور اس نے یہ سب کچھ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کا بدلہ چکانے کے لیے کیا ہے۔
پشاور میں پاک آرمی کے زیر انتظام اسکول پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں ایک سو بتیس بچوں سمیت ایک سو چالیس سے زیادہ افراد شہید ہوئے تھے ۔ان میں سے زیادہ تر کو قریب سے انتہائی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سروں میں گولیاں ماری گئی تھیں۔سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرکے اسکول ہی میں تمام سات دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
طالبان کی ایک ویب سائٹ پر جمعہ کو ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔اس میں لمبی ڈاڑھی والا ایک جنگجو نظر آرہا ہے اور وہ 16 دسمبر کو اسکول پر حملے کا جواز پیش کررہا ہے۔کیپشن میں اس کا نام عمر منصور لکھا ہے۔
وہ کَہ رہا ہے:”اگر ہماری خواتین اور بچے شہادت کی موت مریں گے تو آپ کے بچے بھی نہیں بچ سکتے۔ہم آپ کے خلاف اسی انداز میں جنگ لڑیں گے جس انداز میں آپ ہمارے خلاف لڑیں گے اور ہم بے گناہ لوگوں سے انتقام لیں گے”۔