راولپنڈی، سانحہ پشاور کیخلاف مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اور آئی ایس او راولپنڈی کے زیراہتمام کمرشل مارکیٹ میں سانحہ پشاور کے حوالے سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل راحت کاظمی نے کی۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، ریلی میں ننھے بچوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے شہداء پشاور کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، ریلی امام بارگاہ یادگار حسین سے نکالی گئی جو کمرشل مارکیٹ کی مختلف شاہراوں سے ہوتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سعید رضوی کا کہنا تھا کہ ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، ظالموں نے معصوم بچوں پر قیامت ڈھا دی۔ انہوں نے پاک فوج سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کا نشانہ بنانے والے درندے ہیں جو کسی رحم کے مستحق نہیں ہیں۔ اس موقع پر طالبان مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔