خارجی خود کو سچے مسلمان اور دوسروں کو واجب القتل سمجھتے ہیں، میاں سہیل احمد
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کلمہ گو مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل وغارت گری کرنے والے خارجی ہیں۔ علماء کرام تکفیر اورخارجیت کے فتنہ کو ختم کرنے کیلئے نوجوانوں کی ذہن سازی کریں۔ پاکستان میں دہشت گردوں کو پھانسیوں پر یو این او کو انسانی حقوق یاد آ رہے ہیں۔ پھانسیوں پر انسانی حقوق کا واویلا کرنے والا اقوام متحدہ کشمیر میں مظالم پر کہاں تھا ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعة الدعوة ملتان میاں سہیل احمد نے کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے فتنہ تکفیر کو پھیلانے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ فتنوں کے اس دور میں ہمیں سیرت رسول (ع) سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر جہاد کے فتوے دینے والے گمراہی کا شکار ہیں۔ خارجی خود کو سچے مسلمان اور دوسروں کو واجب القتل سمجھتے ہیں۔ انہیں کشمیری وفلسطینی مسلمانوں کا خون بہانے والے دوست اور پاکستانی مسلمان کافر نظر آتے ہیں۔ یہ پاکستان میں دراصل غیرملکی دشمن ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ علماء کرام قرآن وسنت کی روشنی میں لوگوں کو اس فتنہ سے اگاہ کریں۔