دنیا میں آئیڈیالوجی کی تہذیبوں کی جنگ چل رہی ہے،مرکزی صدر آئی ایس او
شیعہ نیوز (پاکستانی شعیہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں بلتستان کے طلباء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او 12 سے 17 ربیع الاول امام راحل کے فرمان کے مطابق ہر سال ہفتہ وحدت کے نام سے منسوب کرتی ہے اور مناتی ہے، امسال بھی شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا، ہمیشہ کی طرح امسال بھی آئی ایس او کے کارکنان، ڈویژنل مسئولین اپنے اپنے ڈویژنز میں اہلسنت کے ساتھ مل کر میلاد کے اجتماعات اور جلوسوں کے راستوں میں سبیلوں کا اہتمام کریں گے اور میلاد کے جلوسوں میں شرکت کی جائے گی، اس کے علاوہ سیمینار منعقد کئے جائیں گے، جن میں دیگر مکاتب فکر کے علماء کرام، بالخصوص طلباء تنظیموں کے رہنما، متحدہ طلباء محاذ کے پلیٹ فارم سے شریک ہونگے اور اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جامعات میں یوم مصطفےٰ ﷺ کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، لاہور اور کراچی میں مرکزی وحدت کانفرنسز منعقد ہوں گی، اس وقت پوری دنیا میں آئیڈیالوجی کی تہذیبوں کی جنگ چل رہی ہے، امریکی و صیہونی طاقتیں اور اسلام دشمن عناصر، عالم اسلام کو ٹکڑوں میں بانٹنے اور اسلامی مزاحمتی قوتوں کو کمزور کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں، تاکہ اسرائیل کو اس کے منحوس گریٹر اسرائیل منصوبےکی تکمیل کیلئے موقع فراہم کیا جاسکے، عالم اسلام کو داعش جیسے فتنوں میں الجھا کر مظلوم فلسطینیوں پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے اور ناجائز تسلط میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام متحد ہو کیونکہ ان تکفیری طاقتوں اور استعماری گماشتوں کا مقابلہ صرف عالم اسلام کی وحدت سے کیا جاسکتا ہے، ہم اگر متحد ہو کر بصیرت اور دشمن شناسی کی مشترکہ پالیسی اپناتے ہوئے اپنے مشترکہ دشمن کو شناخت کریں، جو عالم اسلام اور پاکستان میں مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم صرف وحدت سے اپنے دشمن کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور ان کے ناپاک ارادوں کو بھی ناکام و نامراد کرسکتے ہیں۔