راولپنڈی، تحریک القائم (عجل) پاکستان کے تحت احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) راولپنڈی سمیت ملک بھر کی عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمہوریت عوامی امنگوں کی ترجمانی میں ناکام رہی۔ راولپنڈی میں امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک القائم پاکستان سید سعید الحسن رضوی نے احتجاجی ریلی سے خطاب میں کیا۔ ہم راولپنڈی شہر میں امن قائم کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تمام قوم پاک فوج کے دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدام سے خوش ہے اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ جمہوری و سیاسی لوگ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہے۔ اس موقع پر صدر تحریک القائم پاکستان سید راحت کاظمی نے خطاب میں کہا کہ حکومتِ وقت فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے حوالے سے جواب طلب کرے اور حکومتِ فرانس فوری اس گستاخی پر دُنیا بھر کے مسلمانوں سے معافی مانگے۔ اور اس جریدے پر پابندی عائد کرے۔ راولپنڈی و اسلام آباد میں منی وزیرستان کے حوالے سے سنجیدہ کاروائی کی ضرورت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ طالبان و داعش کے حامیوں کو بھی عبرت کا نشان بنایا جائے اور ہر سیاسی و مذہبی جماعت کے خلاف جو ملک امن و امان خراب کرنے کے حوالے سے کردار ادا کررہی ہے کاروائی کی جائے۔ اب سنجیدہ اقدام کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امن لایا جاسکے۔ تحریک القائم پاکستان کے تحت امام بارگاہ یادگار حسینی تا رحمان آباد ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر تحریکِ جعفریہ کے ضلعی صدر علامہ قاسم جعفری اور انجمن جانثارانِ اہلبیت کے سیکرٹری جنرل فدا عباس نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔