اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف کو ہوا دے رہی ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماء اسد اللہ بھٹو اور سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے سامراجی مظالم سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہے، آج امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ کیونکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں، امت مسلمہ متحد ہوکر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو نا کام بنائے۔ اس موقع پر اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ امریکہ کی اسلام دشمنی اب سب پر عیاں ہوچکی ہے، دنیائے اسلام میں شعور اور بیداری سامراجی تسلط کے خاتمے اور احیائے اسلام کا باعث ہوگی۔ علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے اجلاس سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں انبیاء الہیٰ کی توہین المناک جسارت ہے، مغربی دنیا پیغمبر اسلام (ص) کی توہین جیسے مجرمانہ عمل سے اجتناب کرے، امریکہ، فرانس و دیگر مغربی ممالک کا اسلام دشمنی پر مبنی رویہ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔ مغربی معاشرے میں دین اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو روکنے کیلئے مغربی سامراج نے گھناونا کھیل شروع کر دیا ہے۔ دہشت گرد سامراجی قوتوں کے پیدا کردہ ہیں، جنہیں امریکن سی آئی اے، برطانوی ایم آئی سکس اور اسرائیلی انٹیلی جنس موساد کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے۔