کشمیری مسلمان خود کو تنہاء نہ سمجھیں، پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے، علامہ حسین مسعودی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے انچولی سوسائٹی میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ کشمیری مسلمانوں کیساتھ ہونیوالی ظلم و زیادتیوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی حیران کن ہے ،اقوام متحدہ کشمیریوں کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دے کیونکہ کشمیر کے مختلف حصوں میں بسنے والے مسلمان طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہیں اور ان پر تسلسل سے مظالم ہو رہے ہیں، مسلم حکمرانوں اور عوام کو اس طرف توجہ دینا ہوگی کیونکہ اب مظالم کی حد ہو چکی ہے۔ انہوں نے کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں سے کہا کہ وہ خود کو تنہاء نہ سمجھیں بلکہ پاکستانی قوم کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں اور ہر محاذ پر ہم کشمیری مسلمانوں کا دفاع کرینگے۔ انہوں نے شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور کشمیری مجاہدین کیلئے کامیابی کی دعاء کی اور حکومت پاکستان سے کہا کہ وہ بھی اس سلسلے میں معاونت کرے تاکہ کشمیریوں کے مسائل کے حل میں مدد مل سکے۔