سانحہ حیات آباد حکومتی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سید حُسین نجفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساںادارہ) سانحہ حیات آباد حکومتی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سانحہ پشاور کے بعد صرف باتیں کی گئیں ، پختہ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردوںکے حوصلے بڑھے۔ان خیالات کا اظہار علّامہ سید حُسین نجفی صدر مدارس جعفریہ پاکستان نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل مولانا حسنین عارف ، سیکرٹری مالیات علامہ اقبال کامرانی ، سیکرٹری روابط مولانا امتیاز کاظمی اور علمائے مدارس نے شرکت کی ، اس موقع پر سید حُسین نجفی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد اتنی آسانی سے نقل و حرکت کرتے ہیں اتنا کسی ملک میں ممکن نہیں۔نیشنل سیکورٹی ایجنڈا میں سے ایک دو کے علاوہ کسی پر عمل درآمد شروع نہیںہوا ، ملکی سطح پر آپریشن کلین اپ ہی دہشت گردی کا حل ہے ، شیعانِ حیدر کرار کا خون بہنے پر بہت سے طبقات تو افسوس تک کا اظہار نہیں کرتے ، یہ بات ان کی دہشت گردی کی سپورٹ کرنے والے مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتا ہے، کیا وجہ ہے کہ آرمی پبلک سکول کے تمام محرکات اور مددگار فوری طور پر پکڑے جاتے ہیں اور سانحہ شکارپور پر ایسا کچھ نہیں ہوتا؟؟ اداروں کو سب کے خون کو برابر حییثیت دینا ہو گی ، ہم افواج ِ پاکستان کی طرف سے آپریشن ضربِ عضب کے سب سے بڑے حامی ہیں اس لئے دشمن ہم پر حملے تیز کر رہا ہے ۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ شکار پور ، سانحہ حیات آباد اور تمام سانحات کے مجرمان کو پکڑے ، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قوم کے سامنے لائے۔اجلاس کے آخر میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔