پشاور: شہید مسجد امامیہ کے خطیب کا مسجد دوبار آباد کرنے کا عزم
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جامع مسجد امامیہ حیات آباد پشاور پر دہشتگردانہ حملہ میں مسجد کے خطیب علامہ نذیر حسین مطہری کے ایک فرزند محمد حسین شہید ہوئے، جبکہ ایک فرزند مہدی حسین زخمی ہیں، جوکہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کے علاوہ ان کا بھتیجا ریاض حسین بھی جام شہادت نوش کرنے میں کامیاب رہا۔ شہید محمد حسین اور شہید ریاض حسین کو ان کے آبائی علاقہ کچہ پکہ کوہاٹ میں سپردخاک کیا گیا، علامہ نذیر حسین مطہری نے اس مشکل وقت میں بھی استقامت اور ہمت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا، اور دہشتگردوں کی کوششیں اور ارادے ناکام بناتے ہوئے اسی مسجد میں ڈٹے رہے جسے انسانیت دشمنوں نے بے گناہ نمازیوں کے خون سے رنگین کیا، علامہ نذیر حسین نے اپنے بیٹے کی نماز جنازہ اور تدفین کے عمل میں شرکت نہیں کی، اور امامیہ مسجد میں رہنے کو ترجیح دی، علامہ نذیر حسین آج اپنے آبائی علاقہ کوہاٹ روانہ ہوئے، جہاں لوگ تعزیت کیلئے ان کے منتظر تھے۔ علامہ نذیر حسین مطہری کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیٹے اور بھتیجے کے جنازے میں شرکت نہیں کی، میں کھبی بھی مسجد کو نہیں چھوڑوں گا، چاہے دشمن مجھے یا میرے پورے خاندان کو کیوں قتل نہ کردے۔