آئی ایس او کے زیراہتمام ملک بھر میں پری بورڈ امتحانات کا سلسلہ جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم رضا محسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آئی ایس او کے تعلیمی ادارہ بورڈ آف لٹریسی اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے میٹرک کے طلباء کے لئے پری بورڈ امتحانات شروع ہو چکے ہیں، آئی ایس او پاکستان نادار اور غریب طلباء کو سکالرشپ فراہم کرنے، کیرئر گائیڈنس سیمینارز کے انعقاد اور میٹرک کے طلباء کی امتحان کی تیاری کیلئے پری بورڈ ایگزامز منعقد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نہم دہم کے طلباء کے لئے آغاز ہو چکا ہے، پری بورڈ ملک بھر میں رائج تمام بورڈ کے مطابق امتحانات لئے جاتے ہیں، امتحان کے مراکز ملک بھر کے مختلف علاقوں میں قائم کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء شریک ہو سکیں۔ رضا محسن کا کہنا تھا کہ امتحانات کے نتائج کے روز یوم والدین منایا جائے گا، جس میں طلبہ و طالبات کے والدین شریک ہونگے۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلباء میں امتحانات تقسیم کئے جائیں گے۔ امتحانات کا سلسلہ ملتان، حیدرآباد، گلگت، لاہور میں کامیابی سے جاری ہے، جس میں سینکڑوں طلباء شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او طلباء میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، یہ سلسلہ طلباء میں مقابلے کا رجحان پیدا کرتا ہے تاکہ موجودہ دور میں طلباء کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔