مذہبی جنونیت اور انتہاء پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جائے، علامہ مرزا یوسف حسین
شیعہ نیوز (کراچی) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ علمی و ادبی اور تربیتی نشست سے خطاب کے دوران مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ مذہبی جنونیت اور انتہاء پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جائے تاکہ یہاں امن کے قیام میں مدد ملے اور بھائی چارگی کے ماحول اور بہتر معاشرہ ترتیب دیا جاسکے، کیونکہ یہ تعلیمات اسلامی کے منافی ہے جبکہ اسلام امن و محبت کا مذہب ہے اور ظلم و جبر و بربریت کی اس میں کوئی گنجائش نہیں۔ دین احترام انسانیت کی بات کرتا ہے لہٰذا ہمیں دین کے مشترکات پر متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کے مقابلے میں کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ فرقہ واریت، ٹارگٹ کلنگ کے ناسور نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا، اب وقت آگیا ہے کہ ایسے عناصر کے چہرے بے نقاب ہوں جو متنازعہ فتوؤے جاری کرکے عسکریت پسندی کو فروغ دے رہے ہیں۔ نشست سے صغیر عابد رضوی، سید علی اوسط ، سہیل مرزا، سید رضی حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں سے کہا کہ وہ گمراہ کن فتوؤں اور غیر ضروری تقاریر سے پرہیز کریں کیونکہ اس طرح کی حرکات سے دہشت گردی کا کلچر فروغ پا رہا ہے جبکہ اسلام دشمن قوتیں اس سے فائدہ اٹھا کر ہمیں باہم دست و گریباں کررہی ہیں۔