اپر دیر سے تحریک طالبان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالرحیم عرف رئیس گرفتار
شیعہ نیوز (اپر دیر) خیبرپختونخوا پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے انتہائی اہم کمانڈر کو پاکستان افغانستان کے سرحدی علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ضلع اپر دیر میں پاک افغان سرحد کے قریب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر عبدالرحیم عرف رئیس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کمانڈر کو سوہنی درہ کے علاقے سےگرفتار کر کے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اپر دیر کے ضلعی پولیس افسر اسرار الدین بادشاہ نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ہونے والا طالبان کمانڈر عبدالرحیم عرف رئیس سنہ 2011 میں شلتالو درہ میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے اور 27 پولیس اور لیویز اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔ اس کے علاوہ وہ پولیس، قومی لشکر کے رضاکاروں پر حملوں اور بم دھماکوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ جون 2011 میں پاک افغان سرحد کے قریبی علاقے شلتالو درہ میں افغانستان سے پاکستانی علاقے میں دراندازی کرنے والے 300 کے قریب دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے پولیس اور لیویز کے 27 اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد انھیں گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ ضلعی پولیس افسر کے مطابق پاک افغان سرحد پر فوج بھی موجود ہے اور ان علاقوں میں پولیس کی طرف سے وقتاً فوقتاً سرچ آپریشنز بھی کیے جاتے ہیں۔