دہشتگردی کسی ایک مذہب یا جماعت کا نہیں بلکہ ایک قومی مسئلہ ہے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، قائمقام سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی نے لاہور چرچ میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور چرچ میں دھماکہ ایک انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانیوالے مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں۔ دھماکہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے۔ دنیا کا کوئی مذہب نہتے انسانوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔ حکومت اقلیتوں کی حفاظت کیلئے اپنی دینی، اخلاقی اور آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ علامہ اقتدارنقوی کا مزید کہنا تھا کہ چرچ پر حملہ مذہبی ہم آہنگی و رواداری کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، لیکن محب وطن عوام اس طرح کی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشتگردی کسی ایک مذہب یا جماعت کا نہیں بلکہ ایک قومی مسئلہ ہے جس کیخلاف پوری قوم متحد ہے۔ مساجد، مدارس، مزارات، گرجا گھروں اور بازاروں میں معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فوجی آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔ حکمران بیان بازی سے نکل کر دہشتگردی کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں، ملک میں مذہبی ہم آ ہنگی کیلئے تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ چرچ حملے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جا ئے۔ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور محفوظ بنانے کیلئے تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور پوری قوم کو ان قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا جو امن و امان کو سبو تاژ کرنا چاہتے ہیں۔ اقلیتوں کی حفاظت ہماری دینی، اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے، حکومت آئین کے مطابق اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔