طاغوت کے مقابلے میں حضرت فاطمہ زہرا (س) کا قیام امت کے لئے مشعل راہ ہے، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) زمانے کے طاغوتوں کے مقابلے کے لئے حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ذات ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے، دختر رسول (ص) ملیکتہ العرب کی بیٹی فاطمہ زہرا (س) کی ذات مبارکہ عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختارامامی نے ایام شہادت جناب فاطمہ زہرا (س) کے موقع پر صوبائی سیکریٹریٹ میں منعقدہ سیرت فاطمہ الزہرا (س) تنظیمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ (س) مثالی بیٹی، مثالی بیوی اور مثالی ماں ہیں اور دور جاہلیت میں ایک ایسی بیٹی جو اللہ کے نبی (ص) کے پیغام وحی اور ترویج اسلام میں اپنی والدہ گرامی اور رسول اللہ (ص) کے شانہ بشانہ رہیں اور والدہ گرامی کے انتقال کے بعد ایسی مثالی بیٹی بنیں کے خود رسول ص نے آپ س کو ام ابیہا یعنی اپنے باپ کی ماں کا لقب دیا، حضرت فاطمہ زہرا (س) کی آمد نے تاریکی کو تنویر سے بدل دیا، حضرت فاطمہ زہرا (س) باغ رسالت کا وہ تنہا ترین پھول ہے جس کی نظیر ناممکن ہے اور اس پر آشوب دور جس میں ظلم و تشدد کا دور دورہ اور انسانیت کا دور دور تک نام و نشان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس زمانہ کے ضمیر فروش بے حیا لوگ انسانیت کے لبادہ میں بیٹیوں کو زندہ در گور کر کے فخر و مباہات کیا کرتے تھے، جو عورت ذات کو ننگ و عار سمجھتے تھے، یہ وہ تشدد آمیز ماحول تھا جس کی باقیات ہمیں آج بھی اپنے معاشرے میں نظر آتی ہیں، جس میں حقوق نسواں کی بے حرمتی کبھی اپنے معاشی معاملات کی درستگی خواتین کو فروخت کر کے تو کبھی غیرت کے نام پر قتل کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ ایسے ماحول میں آپ کی مثالی شخصیت صرف امت مسلمہ کیلئے نہیں، بلکہ عالم انسانیت کیلئے رہتی دنیا تک نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولایت کے دفاع میں حضرت فاطمہ پہلی ذات ہیں، جنہوں نے وقت کے امام کے نصرت کے لئے قدم اٹھایا اور ایک ایسی تحریک کی داغ بیل ڈالی جو آج تک جاری ہے، زمانے کے طاغوتوں کے مقابلے کے لئے حضرت فاطمہ زہر ا س کی ذات ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔