دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے زیادہ کوشیش کرنے کی ضرورت ہے، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے سربراہ مولانا عون نقوی نے کہا کہ دہشت گردی،فرقہ واریت اور بدامنی کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ۔ جعفر طیار سوسائٹی میں منعقدہ مجالس و محافل سے اجتماعات سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور ہر طرف بے یقینی کی صورتحال ہے ،ایسے میں ہر محب وطن شہری کا فرض بنتا ہے کہ وہ میدان عمل میں آئے اور ملک کو امن کا گہوارا بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔کیونکہ اس وقت ہمارا مشترکہ دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہے ،یہی وجہ ہے کہ کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں افراتفری اپنے عروج پر ہے ،انہوں نے حکمرانوں سے بھی کہا کہ دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے کے بجائے ان کے گرد گھیرا تنگ کریں تاکہ ملک میں پرامن فضاء کا قیام عمل میں آسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد ٹولہ کالعدم تنظیموں کا سہارا لیکر ملک کے امن کو برباد کررہا ہے ،عوام ان سازشی عناصر سے ہوشیار رہیں کیونکہ ان کا مقصد ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنا ہے ۔