آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، چوہدری نثار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ملک امن و امان کا قیام سیکورٹی اداروں کا فرض ہے، پاکستان کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنائیں گے۔ پشاور ورسک روڈ پر قائم اسکاوٹ ٹرینگ اکیڈمی میں ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد مجموعی طور پر پاکستان میں امن ہے، خوشی ہے کہ ایف سی ورسک میں پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ ایک، ایک نوجوان ٹریننگ کے بعد کندن ہوکر نکلا ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں تاہم بدقسمی سے چند لوگ اسلام کے نام پر دہشت گردی کر رہے ہیں، جن کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خواتین اور بچوں پر چھپ کر حملہ کرتے ہیں جو کسی صورت میں برادشت نہیں کیا جائے گا، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ایف سی ملک میں دہشت گردی کی لعنت ختم کرے گی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا، لوڈشیڈنگ کے بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہ صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، لوڈشیڈنگ کے معاملہ میں صوبائیت نہیں پھیلانی چاہیئے، وفاق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر آگے جانا چاہتا ہے۔