پاکستانی شیعہ خبریں

امن دشمن صبح و شام ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، علامہ امین شہیدی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے پشاور میں سابق شیعہ کونسلر عابد حسن قزلباش کی ٹارگٹ کلنگ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکے کے نتیجہ میں سکیورٹی اہلکار کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا میں اکیسویں ترمیم پر بجا طور پر عمل درآمد کروانے اور اپنی رِٹ منوانے میں ناکام ہے۔ اکیسویں ترمیم کے نام پر قوم سے بھیانک مذاق کیا گیا ہے، اس آئینی ترمیم کا مقصد یہ تھا کہ ملک دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاسکے، جو لوگ سکیورٹی اداروں کو چیلنج کر رہے ہیں اور مظلوم عوام کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں، انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے عسکریت پسندی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے خلاف مصروف مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرکے ان کے خلاف ملکی آئین و قانون کے تحت قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سخت سزائیں دی جائیں، لیکن بدقسمتی سے یہ ساری باتیں محض خواب و خیال ثابت ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں ملک و قوم کے یہ دشمن آج بھی آزادانہ دندناتے پھر رہے ہیں، ان ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کے لئے پوری قوت اور نیکی نیتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، ان کے مکمل خاتمے کے لئے صرف ان کی کمین گاہوں کا تدارک کافی نہیں بلکہ اس فکری رجحان اور نظریئے کو بھی شکست دینا ہوگی، جس کے ذریعے دیگر مسالک پر کفر کے فتوے لگا کر وطن عزیز میں شدت پسندی کو فروغ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان ملک دشمن عناصر کے خلاف بھی کارروائی انتہائی ضروری ہے جو دہشت گردوں کی فکری و نظریاتی تربیت میں مددگار ہیں اور ان کے سب سے بڑے سہولت کار کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے پشاور میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بلاشبہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button