پاکستانی شیعہ خبریں

ڈی آئی خان، جشن مولود کعبہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں ہمیشہ کی طرح اس سال بھی ولادت باسعادت امیر کائنات امام اول، حضرت علی (ع) انتہائی جوش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ گزشتہ شب مرکزی جامع مسجد یاعلی المعروف مسجد لاٹو فقیر میں خواتین کی ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں امیرکائنات کی آمد کی خوشی میں چراغاں کیا گیا اور دعائیں مانگی گئیں۔ اس روایتی سالانہ تقریب میں وہ دلہنیں جن کی شادی کو ایک سال مکمل نہیں ہوا ہوتا، وہ پورے اہتمام کے ساتھ شرکت کرتی ہیں۔ سادات اور بزرگ خواتین اس موقع مبارک موقع پر ان کے نیک نصیب کیلئے دعا کرتیں ہیں۔ شہر میں فرقہ واریت کے سراٹھانے سے قبل اہلسنت گھرانوں کی خواتین بھی اس جشن میں پورے اہتمام کے ساتھ شریک ہوتی تھیں، مگر حالات کی خرابی کے باعث ان کی شرکت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ شب چراغاں کے اس پروگرام میں شرکت کرنے والی مستورات اپنے ساتھ پھول، تازہ موسمی پھل، خشک میوہ جات، مہندی اور مٹھائیوں کی بڑی مقدار بطور منت ساتھ لیکر آتی ہیں۔ 13رجب بعد از سہ پہر اسی مسجد میں سالانہ روایتی جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں مقامی اور باہر سے آنے والے علماکرام، ذاکرین اور شعرا حضرات نے فضائل محمد (ص) و آل محمد بیان فرمائے۔ جلسے میں مومنین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے۔ جامع مسجد کے علاوہ دیگر امام بارگاہوں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا اور ان میں بھی جشن مولود کعبہ کے پروگرام منعقد ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button