حضرت علی ابن ابیطالب (ع) کا یوم ولادت، ایم ڈبلیو ایم کے تحت جلوس مؤدت اور محفل میلاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حضرت علی ابن ابیطالب (ع) کے یوم ولادت کی مناسبت سے شہر بھر کی امام بارگاہوں اور مساجد میں اجتماعات منعقد ہوئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے تحت نمائش چورنگی پر واقع محفل شاہ خراسان میں جشن اور محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم، پاکستان سنی تحریک اور جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ محفل میلاد سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی، مولانا محمد حسین کریمی، آصف صفوی، مطلوب اعوان قادری، علامہ حسن ہاشمی، مولانا احسان دانش، مولانا صادق جعفری، ظل ثقلین، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور، ناصر الحسینی، حیدر زیدی، سجاد اکبر و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے فضائل حضرت علی (ع) پر روشنی ڈالی۔ جشن مولود کعبہ کے موقع پر بھرپور چراغاں کیا گیا اور کیک بھی کاٹا گیا۔ علماء کرام نے محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو حضرت علی ابن ابی طالب (ع) کے طرز خلافت کو اپنانا چاہیے تاکہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ مقررین نے کہا کہ مسلمان متحد ہوکر اسلام دشمنوں کا مقابلہ کریں، اس وقت پوری امت مسلمہ مشکلات کا شکار ہے۔ معاشرے میں عدم تحفظ، انتشار اور دہشت گردی سے چھٹکارے کے لیے ہمیں حضرت علی (ع) کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔