آیت اللہ باقر نمر کی رہائی اور سعودی عرب میں شیعہ مساجد پر حملوں کیخلاف علماء کی احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شعبان المعظم کو یوم مستضعفین عالم کے موقع پر ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کی جانب سے ریلی کا انعقاد ہوا جس میں کثیر تعداد میں علمائے دین نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر مولانا شیخ حسن صلاح الدین نے شرکاء سے کہا کہ دہشت گردی جہاں کہیں بھی ہو، قابلِ مذمت ہے۔ ہم سعودی عرب میں ہونے والی دہشت گردی کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی عوام کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان ہو یا شام، عراق ہو یا یمن جہاں کہیں بھی دہشتگردی ہو رہی ہے، وہاں امریکا اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ وہ مسلمان ممالک میں بدامنی کو رواج دینا چاہتا ہے۔ ریلی سے مولانا شبیر الحسن طاہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ ہو یا سنی یا پنجابی ہو یا سندھی ہو یا پٹھان یا بلوچ، سب پاکستانی ہیں اور ہم دہشت گردی کرنے والے ہر قاتل کو پاکستان کا دشمن اور دہشتگردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے ہر مقتول کو پاکستانی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ صفورا، سانحہ مستونگ کی بھی مذمت کی اور دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے شرکاء نے سعودی عرب کے شیعہ رہنما آیت اللہ باقر النمر کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں جن کو سعودی عرب میں مقیم اہلِ تشیع کے حقوق کی جدوجہد کے جرم میں زخمی کر کے گرفتار کیا گیا اور پھر موت کی سزا سنا دی گئی۔ ریلی کے شرکا ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔ ریلی کے شرکاء نے شہریوں کو پریشانی سے بچانے کی خاطر نمائش چورنگی بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور کثیر تعداد کے باوجود سڑک کے کنارے کھڑے رہ کر پرامن مظاہرہ کیا۔