آیت اللہ خامنہ ای کے امریکہ مخالف بیان سے ابہامات دور ہوگئے ہیں، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساںا دارہ )وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کے سربراہ علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے ایران اور عالمی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے کی تصدیق سے ایران کو پرامن ایٹمی قوت تسلیم کر لیا گیا ہے، جس کا فائدہ عالم اسلام کو ہوگا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اللہ وحدہ لا شریک کو سپرپاور ماننے والا ہی اسلامی جمہوری ایران جیسا حوصلہ رکھ کر دہائیوں سے عالمی استکبار کا مقابلہ کرسکتا ہے، اس کی ہمت امریکہ کے سامنے سر جھکانے والے کسی اور ملک کو نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جس محنت اور جرائتمندی سے ایرانی سائنسدانوں اور سیاستدانوں نے ایٹمی پروگرام کو شروع کیا اور مکمل کیا وہ قابل تحسین ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین، امریکہ اور دیگر قوتوں کی طرف سے پابندیوں کا بھی ایرانی قوم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، اب خود مختاری اور قومی وقار کے ساتھ ایران کا معاہدہ کامیاب سفارتکاری کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تنہائی کا شکار نہیں، عالمی برادری سے تعلقات رکھنے والے پرامن معاشرے ہی ترقی کرسکتے ہیں، اس حوالے سے ایرانی قیادت کی پالیسیاں کامیاب رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ رہبر امر مسلمین آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی عالمی معاملات میں امریکہ مخالف پالیسی کو جاری رکھنے کے عزم کے اظہار کے بعد ابہام دور ہوگیا ہے، اب مشرق وسطٰی کے عرب ممالک کو بھی امریکہ کی بجائے ایران کے قائدانہ کردار کو تسلیم کرکے عرب عجم اور شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر عالم اسلام کے مسائل کے حل کی جدوجہد میں شامل ہو جانا چاہیے، اس سے مسئلہ فلسطین، کشمیر، عراق، شام اور دیگر ممالک کی بدامنی ختم ہوگی، امت مسلمہ کا وقار بلند ہوگا۔