عالمی برادری یمن میں سعودی حملے رکوائے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ عوامی توقعات کے برعکس ہے۔ وسیع پیمانے پر بے ضابطگیوں کے اعتراف کے باوجود الیکشن کو درست قرار دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہمارا سیاسی نظام دھن، دھونس اور دھاندلی کا شاہکار ہے۔ تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ عالمی برادری یمن میں سعودی حملے رکوائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، مسلم حکمران یمن میں جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، حکمرانوں نے قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنا دیا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے ملک گیر آپریشن کی ضرورت ہے۔ سیاسی و انتخابی نظام مختلف مافیاز کے ہاتھوں یر غمال بن چکا ہے۔ بیرونی ممالک میں ملک سے لوٹے ہوئے دو سو ملین ڈالر پڑے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے قوم کو مایوسی ہوئی ہے۔ الیکشن میں بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کو سزا ملنی چاہیئے۔ رپورٹ میں منظم دھاندلی نہیں مگر دھاندلی ثابت ہے۔ عالمی برادری بھارت کے جنگی جنون کو لگام دے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست ارب پتیوں کا کھیل بن چکا ہے۔ مذہبی طالبان کی طرح لبرل طالبان کی سرکوبی بھی ضروری ہے۔ 68 برس سے قوم کو بیوقوف بنانے والوں کی سیاست کا خاتمہ قریب ہے۔ الیکشن میں بے ضابطگیوں پر الیکشن 2013ء کالعدم ہونے چاہئیں تھے۔ کرپشن ہمارا قومی کھیل بن چکا ہے۔ حکمران طبقہ اسے کھیلنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔ مفاداتی اور مالیاتی سیاست کا خاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔