جنت البقع کو ڈھانے والوں سے رسول اکرم (ص) کے روضے کو بھی خطرات لاحق ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سر براہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ 1925ء میں آل رسول (ص) کے مقدس مزارات کو ڈھا کر کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی۔ جنت البقیع (مدینہ منورہ) اور جنت المعلٰی میں آل رسول (ص)، آپ (ص) کی مادر گرامی حضرت بی بی آمنہ، حضرت عبدالمطلب اور صحابہ کرام کی قبور منورہ کو مسمار کیا گیا، حضور اکرم (ص) کی جائے ولادت پر کار پارکنگ، جبکہ ام المومنینؓ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کے گھر کی جگہ غسل خانے اور بیت الخلاء تعمیر کئے گئے۔ اس فکر سے روضہ پاک رسول اللہ (ص) کو خطرہ لاحق ہے۔ جنہوں نے حال ہی میں انبیائے الٰہی حضرت یونس و دیگر کے مزارات پر بم دھماکے کئے۔ 8 شوال کا دن پوری امت مسلمہ کے لئے یوم سیاہ کا درجہ رکھتا ہے، کیونکہ اس دن اسلامی ثقافت اور آثار قدیمہ کو تاراج کیا گیا۔ انہوں نے حکومتی وفد کی خان آف قلات سے ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل بامقصد مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔ بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر یہاں کے عوام کا حق تسلیم کرتے ہوئے سابقہ غلطیوں کا ازالہ کیا جائے اور بلوچوں کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔ طاقت اور تشدد سے مسائل کا حل ممکن نہیں۔ سابق آمر جنرل مشرف نے طاقت اور گولی سے معاملات کو حل کرنے کی بجائے بگاڑ دیا۔ بلوچستان کے مسئلے کے اصل فریق سردار اور خان نہیں بلکہ یہاں کے مظلوم اور محروم عوام ہیں، مجوزہ مذاکرات میں بلوچستان کی محرومیت اور مسائل کو سر فہرست ہونا چاہئے۔