الحمداللہ ! پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کی فضا بہتر ہے،علامہ مظہر سعید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) پنجاب کے شہر قصور میں ہونے والا واقعہ کیا کسی دہشگردانہ واقعہ سے کم ہے اس واقعہ پر پنجاب حکومت نے کیا اقدامات کیے ہیں، وہی کمیٹیاں بنادی گئیں اور یہ کیس بھی اُسی طرح جس طرح سانحہ ماڈل ٹائون، زین قتل کیس اور دیگر جو کمیشن بنائے گئے تھے فائلوں کی نذر ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ مظہر سعید کاظمی نے”اسلام ٹائمز”کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں شیعہ سنی وحدت کی ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مشترکات ایسے ہیں جن پر اگر عمل کیا جائے تو یہ فضا مزید ہموار ہو سکتی ہے، ان دونوں مسالک کا دشمن ایک ہے جو اہل تشیع پر کفر اور تکفیر کے فتوے لگاتا ہے وہی ہمارے نام کو چُرا کر ہم پر بھی کفر اور تکفیر کے فتوے لگاتا ہے، اسی دہشتگرد ٹولے نے شیعہ سنی علماء کو قتل کیا، علامہ عارف حسین، علامہ حسن جان، شہید عباس قادری، سلیم قادری، علامہ سرفراز نعیمی اور دیگر شامل ہیں، پاکستان میں الحمداللہ شیعہ سنی وحدت کی فضا بہتر ہے اس حوالے سے مزید اقدامات کی ضرورت ہے شیعہ سنی علماء کے وفود کو ایک دوسرے کے پروگراموں، مساجد، امام بارگاہوں اور مزارات پر جانا چاہیے تا کہ اتحاد کی فضا کو زیادہ سے زیادہ ہموار کیا جا سکے۔