معاشرے کے عزت دار اور شریف لوگوں کی بلاجوازگرفتاریاں انتہائی تشویش ناک ہے،علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ )علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بیلنس کی بے رحمانہ پالیسی کے تحت معاشرے کے عزت دار اور شریف لوگوں کی بلاجوازگرفتاریاں انتہائی تشویش ناک ہے ۔ پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں غیر امتیازی سلوک دیکھنے میں آرہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔وہ افراد جو کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں اورامن وامان و اتحاد اُمت کے قیام میں ان کاہمیشہ مثبت کردارہے اوران میں سے بعض افرادضلعی اور ڈویژنل امن کمیٹیوں کے ممبران بھی ہیں ان کے خلاف ،خود ساختہ اورمن گھڑت رپورٹس کو بنیاد بنا کر گرفتار کرناقابل مذمت ہے ۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو مطلع کیا گیا ہے کہ انتظامیہ ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قانون کا ناجائز استعمال فوراً بند کریں اور انتظامیہ وپولیس قانون کے مطابق اختیارات صرف اور صرف دہشت گردوں،فرقہ پرستوں اور ملک کا امن تباہ کرنے والوں کے خلاف استعمال کرے۔ شریف، مہذب، پُرامن ، محب وطن اور قانون پسند شہریوں کیخلاف ایسے ہتھکنڈوں کے استعمال سے گریز کیا جائے ۔پنجاب میں ضلعی انتظامیہ و پولیس کی جانب سے شریف اور عزت دارشہریوں کی گرفتاریوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشاہدے میں آیاہے کہ توازن کی بے رحمانہ پالیسی کے تحت ان شریف ،مہذب اور قانون پسند شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے جس سے ان کی زندگیاں تلخ اور خاندان شدید متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں پنجاب حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کردینی مدارس اور فورتھ شیڈولڈ افراد کو انصاف فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اس کے پیش نظرضروری ہے کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی بلا امتیازفورتھ شیڈول کے متاثرین اور مدارس کو یکساں انصاف فراہم کرنے کو یقینی بنائے اور آئندہ کے لئے قانون پسنداور قانون شکن شہریوں میں تمیزکورواج دیا جائے اس سے جہاں شریف،مہذب ،پرامن اور قانون پسند شہریوں کو سکون کے ساتھ زندگی کے ساتھ مواقع میسر آئیں گے وہاں جمہوریت پسند حکومت کی نیک نامی میں بھی یقیناًاضافہ ہوگا ۔قوی امید ہے کہ شریف، بے گناہ ،پرامن اور قانون پسند شہریوں کو جلد انصاف کی فراہمی تشکر کاموقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی نیک نامی میں بھی اضافہ کا باعث ہو گی۔