منیٰ حادثے کے بعد کئی لاپتا پاکستانیوں کا تاحال پتا نہیں چل سکا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) منیٰ حادثے کے بعد لاپتا باجوڑ ایجنسی کے محمد آصف کے اہل خانہ نے شہادت کی تصدیق کردی۔ڈی جی خان کے رہائشی سید عطااللہ شاہ کے اہل خانہ بھی اپنے پیارے کے متلاشی ہیں۔ حیدر آباد کے اطہر علی خان کا پتہ ملنے سے گھر والوں کو سکون مل گیا۔ حاجیوں کے اہل خانہ امید اور خوف کی کیفیت سے دو چار ہیں۔منیٰ سانحے کے بعد پشاور سے تعلق رکھنے والے تین حاجی شہید جبکہ چار بدستور لاپتہ ہیں۔ اپنے پیاروں سے رابطہ نہ ہونے پر ان کے اہل خانہ پر کیا گذر رہی ہے۔ یہ دکھ محسوس کرنے سے تعلق رکھتا ہے۔ منی ٰ سانحے کے بعد پشاور کے لاپتہ حاجیوں میں سے میاں بیوی سمیت 3افرادکی شہادت کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں دانش آباد کے حاجی ناصر اقبال، ان کی اہلیہ نوشین اقبال اور سردار احمد جان کالونی کے شیر افضل شامل ہیں۔ پشاور میں مقیم بنوں سے تعلق رکھنے والے جہانزیب نے بتایا کہ ان کے رشتہ داروں نے شہداء کی تصاویرسے بھائی ناصر اقبال اوربھابی نوشین کی شناخت کرلی ہے جبکہ شیر افضل کی شہادت کی تصدیق ایک روز قبل ہوئی تھی۔ شہداء کے گھروں پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جبکہ سانحے کے بعدچارافراداب تک لاپتہ ہیں۔لاپتہ افراد میں ہزار خوانی کےصالح محمد،بخشو پل کے صلاوت خان اور دیر کالونی کے خیر اللہ اور ان کی اہلیہ شامل ہیں۔
لاپتہ افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور ان کی بس یہی آرزو ہے کہ کوئی ان کے پیاروں کے بارے میں کچھ تو بتائے ۔اپنے پیاروں کی خیریت کے لیے ان کے ہاتھ دعا کے لئے اٹھتے ہیں تو کبھی بے اختیار آنسو چھلک پڑتے ہیں۔ایبٹ آباد کی خاتون بلقیس اختر اپنے داماد زاہد گل کے ساتھ حج کیلئے گئی تھیں اور سانحہ میں لاپتہ ہوگئیں جبکہ ان کے داماد کے شہید ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے،کراچی کے زبیر احمد بھی لاپتہ ہیں، حادثے میں ان کے دو رشتہ دار شہید ہوئے جبکہ دیگر دومیں سے تین رشتہ دار واپس کراچی آ چکے ہیں۔ میاں چنوں کے 35 سالہ حاجی رمضان بھی لاپتہ ہیں،جو دس سال سے سعودی عرب میں ملازمت کر رہےتھے۔کوئٹہ سرکی روڈ کے حاجی عباس کی شہادت کی ان کے اہل خانہ نے تصدیق کر دی ہے لیکن ان کی میت ان کے اہل خانہ کو نہیں مل رہی، جس کے باعث وہ پریشان ہیں,25 سالہ شفاقت سعودی عرب میں ہی ایک دکان پر کام کرتے تھے،جو حادثے کے بعدسے لاپتہ ہیں ۔ نوشہرہ کے محمد عمر بھی لاپتہ ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ آج پشاور واپس آ رہے ہیں، چاغی کے نور محمد سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہو رہا ہے