شیعہ علماء کونسل کے وفد کی ڈپٹی کمشنر پشاور سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ایک نمائندہ وفد نے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محسود سے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں محرم الحرام میں امن وامان کی بابت تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل زاہد علی آخونزادہ، ضلعی صدر اور خطیب محمد (ص) و آلِ محمد (ص) مجاہد علی اکبر، ضلعی نائب صدر سید مہر علی شاہ اور تعزیہ دار کونسل کے سربراہ خورشید علی آخونزادہ شامل تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پشاور الطاف شیخ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل زاہد علی آخونزادہ نے محرم الحرام کے دوران پشاور میں امن وامان کے اقدامات اور پرامن عزاداری کے حوالے سے سابقہ تجربات کے تناظر میں ڈی سی پشاور کو حقائق اور خدشات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر مجاہد علی اکبر نے شیعہ علماء کونسل پشاور کی جانب سے محرم الحرام کے پرامن برگزاری کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محسود نے محرم الحرام میں انتظامیہ کے اقدامات سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے باہمی ارتباط کے ذریعے آمدہ محرم الحرام کے اقدامات انجام دینے کی یقین دھانی کرائی، جبکہ دو طرفہ طور پر محرم الحرام کے انتظامات کی بہتر طور پر انجام دہی میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔