دہشت گردی ایک ناسور ہے جسے راحیل شریف جیسے محب وطن جنرل ہی ختم کرسکتے ہیں، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ) مسجد و امام بارگاہ کاظمین سادات کالونی ڈرگ روڈ پر منعقدہ محرم کانفرنس کا انعقاد قومی رہنماء راحیل کاظمی کی جانب سے کیا گیا، جس سے خطاب کے دوران مولانا عون نقوی نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین کی قربانی اور جرأت کے اقرار اور فضائل اور مناقب کی بنیاد پر اظہار عقیدت کرنا ہر مسلم پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین کا ذکر پوری دنیا میں ادب اور احترام سے کیا جاتا ہے، پاکستان اسلامی جمہوریہ ملک جہاں نانا رسول خداﷺ کے نام پر وجود میں آیا اور ان کے نواسے ؑ کے ایام میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونا بدقسمتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد ی ایک ناسور ہے جسے جنرل راحیل شریف جیسے مخلص محب وطن جنرل ہی ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے محرم سے قبل کراچی میں دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کرنا خوش آئند قرار دیا اور رینجرز اور پولیس کے کردار کو سراہا۔ اختر حسن کاظمی نے کہا کہ نہ صرف کراچی بلکہ صوبہ میں عزاداری امام حسین کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔