لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی آڑ میں نواسہ رسول کی عزاداری کو محدود کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، علی حسین نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی آڑ میں عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ پر لگائی جانے والی تمام پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں، عزاداری مظلوم کربلا ہماری شہ رگ حیات ہے، اپنی شہ رگ کی حفاظت کریں گے، سندھ حکومت کالعدم جماعتوں کی ایماء پر عزاداری کو محدود کرنے کے درپے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، میثم عابدی، رضا نقوی، سبط اصغر، احسن عباس سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب میں علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہر دور کے ظالم نے عزائے حسین کو دبانے کی کوشش کی لیکن حسینی پیروکاروں نے ظالموں کی تمام سازشوں کو خاک میں ملایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سن لے، لاوڈ اسپیکر ایکٹ کا احترام کرتے ہیں مگر یزیدی ضابطہ اخلاق کو مسترد کرتے ہوئے یہ اعلان کرتے ہیں کہ سندھ بھر میں مجالس کے دوران لاؤڈ اسپیکر کا استعمال عزادران سید الشہدا کی سماعتوں تک خطاب پہنچانے کا اہتمام جاری رہے گا، سندھ حکومت فی الفور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ ریلکسیشن کا نوٹیفکیشن جاری کرے وگرنہ عاشقان حسین (ع) ایسے کسی بھی قانون کو تسلیم نہیں کریں گے جو کہ عزائے حسین کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ دو روز قبل چیف منسٹر ہاؤس سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ نے شیعہ عمائدین سے دوران ملاقات اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ مجالس اور جلوس کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے بارے میں وہ رلیکسیشن کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے مگر تاحال ایسا نہ ہوسکا، اگر سندھ حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری نہ کیا تو پھر ہم سندھ بھر میں احتجاج شروع کریں گے۔