آئی ایس او کے زیراہتمام بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں یوم حسین کی تقریب
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان (بہائوالدین زکریا یونیورسٹی یونٹ) کے زیراہتمام سالانہ ”یوم حسینؑ” کی تقریب یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت پروفیسر مہر مجاہد حسین نے کی جبکہ مولانا حسنین نادر اور سید فضل عباس نقوی (چیئرمین وحدت یوتھ) تھے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، علمائے کرام اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام کا کہنا تھا کہ کربلا ہر مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف احتجاج کا درس دیتی ہے۔ علامہ حسنین نادر کا کہنا تھا کہ اس پُرآشوب دور میں عدم برداشت سب سے سنگین فتنہ ہے جو کہ اُمت مسلمہ میں نفاق پیدا کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام نے ہمیشہ صبروتحمل اور امن وآشتی کا پیغام دیا۔ ان کی شہادت عظمی کی طرح ان کی عملی زندگی بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ کربلا محض تذکرہ رسم شہادت نہیں بلکہ آئین زندگی اور عظیم درسگاہ ہے جو کہ تمام عالم کے مظلوموں کی وکالت کرتی ہے۔