سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے میں شھید ہونے والوں کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے۔ سانحہ اے پی ایس میں شھید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول میں ہورہی جس میں سول و عسکری قیادت شریک ہے۔ تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعظم نواز شریف، چیئرمین سینٹ رضا ربانی، وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی قائدین بھی مرکزی تقریب میں شریک ہیں۔اسکے علاوہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بھی آرکائیوز لائبریری میں تقریب منعقد ہوگی جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان بھی شریک ہوں گے۔ شہر بھر میں تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہوگا اور مختلف تنظیموں کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ آرمی پبلک اسکول کی سیکیورٹی فوجی جوانوں کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سانحے میںشھید ہونے والوں کی یاد اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بھی آج بند ہیں۔ سانحہ پشاور کو ایک سال مکمل ہونے پر صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کی جانب سے آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے آج پشاور میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے